پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مظالم پر سخت تشویش کا اظہار

اسلام آبا د(گلف آن لائن)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے تحت خواتین اور اسلام کے موضوع پر 8 مارچ کو کانفرنس کر رہا ہے، چین کو ہر موسم کا ساتھی اور دوست سمجھتے ہیں۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بدستور تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ترجمان نے کہ اکہ گزشتہ روز وزیر دفاع کی سربراہی میں افغانستان کا دورہ کیا گیا، دورے میں دہشت گردی کے تدارک اور بالخصوص ٹی ٹی پی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے تحت خواتین اور اسلام کے موضوع پر 8 مارچ کو کانفرنس کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور کینیا کے صدر کے درمیان کل فون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے شہید صحافی ارشد شریف کے معاملے پر بھی بات کی، شہباز شریف نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقاتی ٹیم سے تعاون پر شکریہ ادا کیا، وزیرِ اعظم نے اس تحقیقات میں مزید تعاون کی درخواست بھی کی۔

انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہنگری کا دو روزہ دورہ حال ہی میں مکمل کیا ہے، دورے میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط ہوئے، مفاہمت کی ایک یادداشت دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈمیز کے باہمی تعاون کے بارے میں ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستان کے طلبہ کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں