بیجنگ (گلف آن لائن) چینی حکومت نے یوکرین بحران کے سیاسی حل پر چین کا موقف جاری کیا۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق
چین کے مذکورہ موقف میں ان اہم نکات کا احاطہ کیا گیا ہے کہ ریاستوں کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، سرد جنگ کی ذہنیت کو ترک کیا جائے، جنگ بندی کو عمل میں لایا جائے، امن مذاکرات شروع کیے جائیں، انسانی بحرانوں سے نمٹا جائے، شہریوں اور جنگی قیدیوں کا تحفظ کیا جائے،ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سمیت اسٹریٹجک خطرے کو کم کیا جائے، اناج کی برآمد کو یقینی بنایا جائے۔عالمی صنعتی چین اور سپلائی چین کے استحکام کو یقینی بنایا جائے اور جنگ کے بعد تعمیر نو کو فروغ دیا جائے۔
چینی حکومت نے اپنے اس اصولی موقف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اصولوں سمیت عالمی طور پر تسلیم شدہ بین الاقوامی قانون پر سختی سے عمل کیا جائے ، اور تمام ریاستوں کے اقتدار اعلیٰ، آزادی اور علاقائی سالمیت کی مؤثر طریقے سے ضمانت دی جائے۔
تمام ممالک، چاہے وہ بڑے ہوں یا چھوٹے، طاقتور ہوں یا کمزور، امیر ہوں یا غریب، برابر ہیں، اور تمام فریقوں کو مشترکہ طور پر بین الاقوامی تعلقات کو چلانے والے بنیادی اصولوں کا تحفظ کرنا چاہئے اور بین الاقوامی مساوات اور انصاف کا تحفظ کرنا چاہئے. بین الاقوامی قانون کو بنا کسی دوہرے معیار کے مساوی اور یکساں طور پر لاگو کیا جانا چاہئے۔