علامہ اقبال

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ، میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں کے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی منظوری

اٹک(گلف آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر سے طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور کرتے ہوئے میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں کے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ ریجنل کیمپس کے ڈائریکٹر ذیشان علی خان کے مطابق لیٹ فیس چارجز کے ساتھ نئے طلبہ 7مارچ تک داخلہ لے سکتے ہیں جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ طلبہ 21مارچ تک انرولمنٹ کرسکیں گے۔داخلہ فارم اور پراسپکٹس ریجنل کیمپس اٹک اور ضلع بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

سیل پوائنٹس کی معلومات یونیورسٹی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر اٹک کیمپس نے مزید یہ کہا کہ دوسرے مرحلے کے داخلے یکم مارچ سے شروع ہوں گے، اس مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگراموں میں 10شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز، ایف اے /ایف ایس سی ا ور بی اے/بی ایس سی بیسڈ چار سالہ بی ایس پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(بی اے جنرل)،

ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس(بی کام)، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن بزنس ایڈمنسٹریشن( اسلامک بنکنگ، ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور مارکیٹنگ )، بی بی اے پروگرامز، ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز کے علاوہ سرٹیفکیٹ کورسز شامل ہوں گے۔ ضلع اٹک کے طلباء و طالبات کی بہترین رہنمائی کے لیے اٹک کیمپس میں خصوصی سہولت کاؤنٹر کا قیام حسبِ روایت قائم کیا گیا ہے تاکہ ایک چھت تلے تمام مسائل کا حل فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں