کراچی (گلف آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان صنم جنگ کا حالیہ انٹرویو میں کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں زیادہ وزن کی حامل اداکاراؤں کو خاص اہمیت نہیں دی جاتی۔اداکارہ صنم جنگ نے اپنے نئے ڈرامہ سیریل کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ڈرامے میں ان کا کردار ہمارے معاشرے اور شوبز انڈسٹری سے مماثلت رکھتا ہے جہاں خواتین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنا وزن کم کریں۔اداکارہ کے مطابق ہماری انڈسٹری ابھی نئی ہے اس لئے یہاں لوگ زیادہ وزن کی حامل اداکاراؤں کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے ، ان کے مطابق ڈیزائنر سے لے کر اسٹائلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ تک ہر کوئی ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتا کیونکہ ان کے لئے زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ زیادہ وزن کی حامل اداکاراؤں کو کبھی مرکزی کردار میں نہیں دیکھا، کیونکہ شوبز انڈسٹری میں کم وزن ہونا خوبصورتی کا معیار ہے۔
ان کے مطابق وہ خود بھی ان تمام تجربات سے گزر چکی ہیں، جب مارننگ شو کی میزبانی کے دوران انہیں حاملہ ہونے کی وجہ سے کپڑے تلاش کرنا بہت مشکل ہوگیا تھا، ایک وقت پر انہوں نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا تھا۔انہوں نے اپنے ڈرامہ سیریل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں دماغی صحت، ڈپریشن اور مثبت جسمانی معاملات پر توجہ دی گئی ہے اور یہ ٹی وی پر چلنے والے روز مرہ کے ڈراموں سے بالکل مختلف ہے۔واضح رہے کہ ڈراما سیریز ‘پیاری مونا’ میں اداکارہ کے کردار پر گزشتہ چند مہینوں سے کافی گفتگو کی گئی ہے، یہ سیریز ایک ایسی موٹی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو معاشرے کے معیار کے مطابق نہیں ہے۔