مکوآنہ (گلف آن لائن )محکمہ تعلیم پنجاب نے فنڈز جاری کئے بغیر سرکاری سکولوں میں سکول بیسڈ اسیسمنٹ کروانے کا حکم دے دیا۔۔ فیصل آباد کے سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم 8 لاکھ بچوں سے پیپر لینا مشکل ہوگیا۔ سالانہ امتحانات لینے پر کم سے کم پانچ کروڑ روپے سوالیہ پرچوں کی پرنٹنگ یا فوٹو کاپی پر لگیں گے۔ سکول سربراہان اور اساتذہ تنظیموں نے پیپروں کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔ پنجاب ٹیچر یونین کے صدر رانا لیاقت کہتے ہیں سکول بیس اسیسمنٹ کے لیے محکمہ تعلیم سرکاری سکول کو اضافی فنڈز فراہم کرے۔
اس وقت ایک فوٹو کاپی 6 سے 7 روپے میں ہو رہی ہے۔ سکول بیس اسیسمنٹ کا پیپر 5 سے 7 صفحات پر مشتمل ہوتا ہے۔ پچھلے سال بھی سکول بیس اسیسمنٹ کے امتحان پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔ سکول بیس اسسمنٹ سالانہ امتحان کے لیے سکولوں کو کوئی اضافی فنڈز یا گرانٹ جاری نہیں کی گئی۔ مہنگائی کی وجہ سے نان سیلری بجٹ سے تو یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی بھی پوری طرح ممکن نہیں۔ سکول بیس اسسمنٹ کے لئے سرکاری سکولوں کو فی الفور اضافی فنڈز دیئے جائیں۔