رانا تنویر حسین

دو ججز پر پوری قوم شور مچارہی ہے مگر وہ کہتے ہیں ہم فیصلہ کریں گے، رانا تنویر حسین

مریدکے (گلف آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے عمران خان نے پاکستان کی تباہی کی ،آج قوم مہنگائی کی جس چکی میں پس رہی ہے یہ عمران خان ٹولے کی لوٹ مار کا نتیجہ ہے ،ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا اگر عدالت نے کہا دن نہیں رات ہے تو ہم نے اسے بھی مانا ،دو ججز پر پوری قوم شور مچارہی ہے مگر وہ کہتے ہیں ہم فیصلہ کریں گے ،اخلاقیات کہتی ہیں جس جج پر اعتراض آجائے وہ بنچ سے اٹھ جاتا ہے ۔پرانی غلہ منڈی میں ورکرز کنونشن اور ریل بازار میں ٹف ٹائل لگانے کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کچھ ججز کامسلم لیگ (ن) کے ساتھ ناپسندیدگی اور تعصب کا رویہ ہے ،ہم انصاف کے متلاشی ہیں ،

انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ 63اے کی طرح یہاں بھی اپنی مرضی کی تشریح نہ کی جائے ،پانامہ سے شروع ہونے والی کہانی اقامہ پر پہنچ کر نہ ختم ہو ۔ا نہوںنے کہا کہ تین مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم نواز شریف کو نہ صرف ہٹایا گیا بلکہ زندگی بھر کیلئے نااہل کردیا گیا ، نواز شریف کے دور میں پاکستان میں خوشحالی آئی ،بجلی کی اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی ،موٹرویز بنیں،اسٹاک ایکسچینج نے تاریخی نفسیاتی حد عبور کی ،دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان آئے ۔انہوں نے کہا عمران خان نے نو ماہ سے انتشار پھیلا رکھا ہے ،

استعفوںکے باوجود اسمبلی سے تنخواہ وصول کی،اسے گرفتاریوں کا بہت شوق ہے تو اپنے بچے لندن سے بلائے ان کے ساتھ ساتھ گرفتاری دے ،غریب ورکرز کو کیوں جیلوں کی طرف لے جارہا ہے ،میں نے ڈیڑھ سال نہ صرف قید کاٹی بلکہ زمین پرسوتا رہا ۔انہوںنے کہا کہ ہم کہتے ہیں چار ماہ الیکشن میں رہ گئے ہیں صبر کرلے ،عمران خان سن لے پاکستان قائم رہے گا ، عمران خان اب وزیر اعظم نہیں بن سکتا اس کا نام تاریخ میں سیاہ الفاظ سے یاد رکھا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں