لاہور (گلف آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر اعظم خان کے معترف ہوگئے۔ جمعہ کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تیرہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 63رنز سے شکست دی۔کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز اسکور کیے۔
اسلام آباد کی جانب سے اعظم خان نے 42 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 97 رنز کی اننگز کھیلی۔ 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 157 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔کوئٹہ کے خلاف شاندار اننگز کھیلنے پر شاہد آفریدی بھی اعظم خان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ اعظم خان بہترین کھیلے،یہ بوم بوم اور بے خوف اننگز تھی۔واضح رہے کہ کوئٹہ کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے پر اعظم خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔