محسن نقوی

نگران وزیراعلی پنجاب کا پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاون کا حکم

لاہور (گلف آن لائن ) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام شریک ہوا جبکہ دیگر اضلاع کے کمشنرز اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، ہر شہر میں قانون کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، وزیراعلی محسن نقوی نے بعض شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی روکنے کے لئے دفعہ 144نافذ کی گئی ہے، کوئی واقعہ ہوا تو متعلقہ ڈی پی او ذمہ دار ہوگا، پتنگ بازی کے نتیجے میں کسی بھی انسانی جان کا ضیاع برداشت نہیں، پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی یقینی بنائے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بازی کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے، قصور اور دیگر اضلاع میں متوقع پتنگ بازی کے سدباب کے لئے پیشگی اقدامات کئے جائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں