اسلام آ با د (گلف آن لائن)ملک بھر میں موسم بہار کی شجر کاری کاآغاز ہو چکا ہے جس کے تحت سرکاری اورنجی سطح پر کروڑوں پودے لگائے جائیں گے۔رواں ہفتے ہی چائنہ میڈیا گروپ،پاکستان براڈ کاسٹنگ فاونڈیشن سکول اور ایک غیر سرکاری تنظیم لائف سیور کے زیراہتمام سرسبز دوستی کے عنوان سے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
اسلام آباد میں واقع پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی میں اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایف ایم 98 دوستی چینل کی ڈائریکٹر نورین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی شجر کاری سے پاکستا ن کا آسمان مزید نیلا، پانی شفاف اور پہاڑ مزید سر سبز ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس مہم سے پاکستان مزید سرسبز اور خوبصورت ہو جائیگا۔ ایف ایم 98 دوستی چینل کے سٹیشن مینیجر طاہر محمود نے اس موقع پر پاکستان براڈ کاسٹنگ فاونڈیشن سکول اور لائف سیور کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کو شجر کاری مہم کے لئے پلیٹ فارم مہیا کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ شجر کاری پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے کیونکہ دنیا بھرمیں ہونیوالی موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے اور پاکستان میں آنیوالا تباہ کن سیلاب اس کا واضح ثبوت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ماہرین موسمیات کے مطابق پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر موسم گرما میں ایک دن کا اضافہ ہو رہا ہے،اور یہ صورتحال زیادہ سے زیادہ پودے لگانے سے ہی کنٹرول ہو سکتی ہے ۔ غیر سرکاری تنظیم لائف سیور کے نمائندہ وسیم ملک نےاس موقع پر کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آنیوالی نسلوں کو صاف شفاف اور سر سبز پاکستان کا تحفہ دیں ۔ یہ خواب تب ہی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب ہم پاکستان میں بڑھ چڑھ کر پودے لگائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں لہذا اس مہم میں بچون کا شامل ہونا خوش آئیند ہے۔ تقریب میں شریک سکول کی اساتذہ نے شجرکاری مہم کو خوش آئند قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات میں چھوٹے بچوں کو شامل کرنے سے ان کو نہ صرف پودوں کی اہمیت کا اندازہ ہوگا بلکہ وہ اس بات سے بھی آگاہ ہونگے کہ سرسبز پاکستان کے لئے شجر کاری کتنی ضروری ہے ۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے بھی پودے لگائے اور وطن عزیز پاکستان کو مزید سر سبز وشاداب اور خوبصور ت و شفاف بناے کا عہد کیا ۔