لاہور (گلف آن لائن ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے نظام میں بہتری لانے کیلئے پرعزم ہے تاکہ انہیں عالمی معیار کے مطابق بنایا جاسکے۔
وہ ایکسپو سینٹر لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے زیر اہتمام انجینئرنگ کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انجینئرز کا صنعتی پیداوار کے فروغ میں کلیدی کردار ہے جو ملک کی پائیدار ترقی سے براہ راست منسلک ہے۔انہوں نے انجینئرزپر زور دیا کہ وہ برآمدات بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں اور معاشی ترقی کا حصہ بنیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہی ہے اور اس سلسلے میں بروقت انتظامی اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون نے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان کی خاطر حکومت کی ذمہ داری ایک چیلنج کے طور پر سنبھالی ہے۔