چودھری پرویز الٰہی

حکومت عمران خان کیخلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے عدلیہ کا نام استعمال کر رہی ‘چودھری پرویز الٰہی

لاہور (گلف آن لائن) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ اور محسن نقوی زمان پارک میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، حکومت عمران خان کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے عدلیہ کا نام استعمال کر رہی ہے، عمران خان کے خلاف (ن) لیگ کی بدنیتی اور مکروہ عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم سیاسی رہنما ڈنمارک چودھری شوکت علی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین اور چودھری موسی الٰہی بھی موجود تھے۔ جبکہ وفد میں چودھری تصدق حسین مشیر سابق وزیر اعلی پنجاب جلالپور جٹاں، ملک ریاض احمد شامپور کھوکھراں، سید نصیر بخاری ،بلال کھوکھر ،سابق وفاقی وزیر زرتاج گل،،شبینہ گل، سابق ایم پی اے وسیم خان بادوزئی اور محمود بھٹی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور محسن نقوی زمان پارک میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، عمران خان اس وقت صرف پاکستان کے نہیں، بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے راہ نما ہیں، (ن) لیگ اور نگران حکومت پنجاب میں الیکشن کے خوف سے پاگل ہو چکے ہیں،رانا ثنا اللہ پولیس فورس کے سربراہ ہیں، ان کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے،نوازشریف اور مریم نواز، رانا ثنا اللہ کو براہ راست ہدایات دے رہے ہیں، محسن نقوی نے لاقانونیت کی ساری حدیں پار کر دی ہیں۔ رانا ثنااللہ کے ساتھ جلد مجرموں کے کٹہرے میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی کسی راہنما کے گھر پر پولیس فورس ایسے وحشیانہ حملہ نہیں کیا، عدلیہ نے 18مارچ کو حاضر ہونے کا کہا، پولیس کس کے کہنے پر چار دن پہلے ہی زمان پارک پر حملہ آور ہوئی، عمران خان کے خلاف ن لیگ کی بدنیتی اور مکروہ عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے عدلیہ کا نام استعمال کر رہی ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ زلمے خلیل زاد نے عمران خان کے پرتشدد کاروائیوں کی مذمت کرکے عالمی برادری میں پی ڈی ایم کی فاشسٹ حکومت کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ عمران خان کے خلاف پی ڈی ایم حکومت کے فاشسٹ ہتھکنڈوں کو پوری دنیا کے سامنے لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں