اسلام آ با د (گلف آن لائن) ایف ایم 98 دوستی چینل چائنہ میڈیا گروپ اور نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے باہمی اشتراک سے منعقدہ فورم سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کی معاون خصوصی رومینہ خورشید عالم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نصیب معاشرے کے ساتھ چین-پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے تصور نے چین اور پاکستان کی دوستی کی قدر میں ایک بار پھر مزید اضافہ کردیا ہے۔جمعہ کے روز تقر یب سے خطاب کر تے ہو ئے
اس موقع پر سابق وزیر دفاع لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ نعیم خالد لودھی نے کہا کہ چین پاکستان کا اچھا دوست، اچھا پڑوسی اور اچھا شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مستقبل کے حامل ہم نصیب معاشرے کیلئے چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر چین-پاکستان تعاون اور ترقی کیلئے ایک ناگزیر انتخاب ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد حاصل ہوں گے اور علاقائی امن اور ترقی میں نئی تحریک ملے گی۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے کہا کہ مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین-پاکستان کمیونٹی کی مشترکہ تعمیر کے تصور کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون نے شاندار نتائج حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اہم وسائل میں سے ایک اس کی افرادی قوت ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں چین-پاکستان تعلیمی تعاون کے تحت پاکستان کی افرادی قوت کو نہ صرف مقدار میں بلکہ معیار میں بھی مزید بہتر بنایا جائے گا۔
اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مشیر برائے نصاب انجینئر محمد رضا چوہان نے تعلیم کے شعبے میں چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کو سمارٹ کلاس رومز کیلئے وسائل فراہم کئے ہیں، جس سے پاکستانی طلباء ملک میں رہتے ہوئے بین الاقوامی تعلیمی وسائل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ محمد رضا نے کہا کہ یہ سائنس و ٹیکنالوجی کے دور میں چین-پاکستان کمیونٹی کے مشترکہ مستقبل کے تصور کا بہترین نمونہ ہے۔
فورم سے خطاب کے دوران چین-پاکستان یوتھ ایکسچینج گروپ کے نمائندہ لی چھیانگ نے حالیہ برسوں کے دوران چینی اور پاکستانی نوجوانوں کے درمیان تعاون کے مخصوص واقعات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں نے سیلاب اور زلزلے جیسی قدرتی آفات سے متاثرہ ضرورت مند افراد کو مدد فراہم کرنے کیلئے مل کر کام کیا اور چین-پاکستان دوستی کی ایک جیتی جاگتی کہانی تخلیق کی۔ لی چھیانگ نے کہا کہ چینی اور پاکستانی نوجوانوں کا تعاون بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کی حامل چین-پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کا ایک واضح نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی اور پاکستانی نوجوانوں کو دونوں جانب عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کیلئے پل کا کردار ادا کرنا چاہیئے۔