اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ منہ کی 95 فیصد بیماریوں کی روک تھام کی جاسکتی ہے، اسلام میں طہارت یا صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا، بغیر رقم خرچ کیے صرف دانتوں کی صفائی سے ملک سے منہ کی بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو منہ کی صحت کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ20 مارچ کو دانتوں اور منہ کی بیماریوں کی روک تھام پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے، حضور? منہ اور دانتوں کی صفائی کا کثرت سے اہتمام کرتے تھے، اسلام میں طہارت یا صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیاہے، صحیح بخاری میں تقریباً 21 احادیث میں منہ کی صفائی اور مسواک کا ذکر ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے لوگوں پر زور دیاکہ وہ دن میں دو مرتبہ مسواک یا برش سے دانتوں کو اچھی طرح صاف کریں، اس سے بیماریوں سے دور رہنے کے ساتھ ساتھ صحت بھی بہتر رہے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ منہ کی بیماریوں کا علاج مشکل اور مہنگا ہوتا ہے، بغیر رقم خرچ کیے صرف دانتوں کی صفائی سے ملک سے منہ کی بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپاری اور چھالیہ منہ کے کینسر کا باعث ہیں اس لئے لوگ ان سے اجتناب کریں۔