تھرپارکر(گلف آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہبازشریف کے وزیراعظم بننے کے بعد وفاق سندھ سے تعاون کر رہا ہے، ہمارا نعرہ تھر بدلے گا پاکستان حقیقت میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔تھر میں کوئلے سے چلنے والے 1650 میگاواٹ بجلی کے 2 منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ خوشی ہے وزیر اعظم تھر میں موجود ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کر رہی ہے، تھر کول بورڈ کا ہیڈ وزیراعلی سندھ اور وائس ہیڈ وفاقی وزیر ہے، پچھلے 4 برس سے تھرکول پر محنت کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کررہی ہے تو واضح فرق محسوس ہورہا ہے، تھر کول سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، چند برسوں میں تھرپارکر کی شکل تبدیل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار میں بہتری آئی ہے، روزگار کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں، پاور جنریشن میں کام کرنے والے مختلف علاقوں سے آئے ہیں، تھرکول کی وجہ سے پورے پاکستان سے لوگ تھرپارکر آکر کام کررہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں تھرپارکر سے لوگ دوسری جگہ کام کرنے جاتے تھے لیکن لوگ اب تھرپارکر آکر کام کر رہے ہیں، لوگ تنقید کرتیہیں لیکن تنقید کا جواب یہ تھرکول منصوبہ ہے، مل کر کام کرنے سے میرا یا آپ کا نہیں ملک کا نام ہوتا ہے۔