اسلام آباد(گلف آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے،ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،پارلیمنٹ ہی واحد ادارہ ہے جہاں تمام مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی جا سکتی ہے۔یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے، 23مارچ1940 کادن برصغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے،
آج ایک پھر اسی جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج سے 83 سال قبل جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے لیے جدو جہد کی تھی،قرارداد لاہور کو منظوری کے بعد قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا جس نے مسلمانوں کو نئی سمت اور سوچ دی اور تحریک آزادی کو نیا جوش اور ولولہ بخشا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قائدا عظم نے اسلام کے امن و برداشت اور انسانیت سے محبت کے اصول کو اپنا شعار بنایا،ان کی ولولہ انگیز قیادت سے برصغیر میں بسنے والی دیگر اقلیتیں بھی متاثر ہوئیں جو قائد کی مدبرانہ قیادت اور مقصد کے حصول سے سچی لگن کا کمال تھا،ہمیں بھی ا?پس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ ہمیں قائد اعظم کے اتحاد، یقین اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا عہد کرنا ہوگا، مملکت خداداد پاکستان اس وقت شدید بحرانوں سے گزر رہی ہے جن سے نبردآزما ہونے کے لیے ہمیں سیاسی اختلافات کو بھلانا ہو گا، سیاستدانوں کو ملک اور قوم کے لیے اجتماعی سوچ اپنانا ہو گی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ملک کا معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، پارلیمنٹ ہی واحد ادارہ ہے جہاں تمام مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی جا سکتی ہے، دنیا میں موجود تنازعات کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔
سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان تمام تر تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کرتی ہے، مسئلہ کشمیر، فلسطین اور دیگر تنازعات کا حل تلاش کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانا ہو گا،آج کے دن پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے، کشمیری عوام غیر انسانی محاسر میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی قوم ہمیشہ آپ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، بھارتی حکومت فاشسٹ نظریے پر کار بند ہے، بھارتی حکومت کی جانب سے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک برتا جا رہا ہے، بھارت میں لاکھوں مسلمانوں اور سکھوں سمیت دیگر اقلیتیں سراپااحتجاج ہیں، بھارت میں اقلیتیں عالمی برادری سے اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے،مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، پاکستانی افواج ملکی سرحدوں کے ساتھ ساتھ ملک میں دہشت گردی سے بھی نبردآزما ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔