لندن (گلف آن لائن)لندن میں پاکستانی برطانوی باکسر عامر خان سے گن پوائنٹ پر ہیرے کی گھڑی چھیننے والے دو ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔عرب میڈیا کے مطابق 18 اپریل 2022 کو گھڑی چھیننے کی واردات ہوئی جب 36 سالہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم رات 9 بجے لندن ایسٹ کے ریسٹورنٹ سے باہر نکل رہے تھے۔اس دوران ملزمان عامر خان سے گھڑی چھین کے فرار ہوگئے تھے، اس گھڑی کی مالیت 70 ہزار پاؤنڈ تھی یعنی پاکستانی روپے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
لندن فلائنگ اسکواڈ انویسٹی گیشن نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا پتہ لگایا اور 22 جون کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے۔معاملہ جب عدالت پہنچا تو ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔اسنارزبروک کراؤن کورٹ نے 20 سالہ ڈینٹے کیمپبل اور 25 سالہ احمد باناکو مجرم قراردے دیا۔میٹ فلائنگ اسکواڈ کے جاسوس کانسٹیبل سٹورٹ پونڈر نے کہا کہ ملزمان کی جانب سے منصوب بندی کے تحت واردات کی گئی۔
قبل ازیں عامر خان نے عدالت کو بتایا کہ میں ایک اسپورٹس مین ہوں، ایک فائٹر ہوں، میں نے کئی مشکل حالات کا مقابلہ کیا ہے تاہم یہ واقعہ مختلف اور خوفناک تھا، ملزمان نے میری سر پر بندوق رکھی تھی، میں ان کے پہچان نہیں سکا کیونکہ انہوں نے ماسک پہن رکھا تھا، میں نہیں چاہتا تھا کہ ملزمان مجھ پر گولی چلائیں۔