شہباز شریف

پنجاب کے 10 کروڑ لوگ فری آٹا اسکیم سے مستفید ہو رہے ہیں، شہباز شریف

راولپنڈی (گلف آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے 10 کروڑ لوگ فری آٹا اسکیم سے مستفید ہو رہے ہیں،سیاسی قیادت،تمام اداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملک کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا۔وہ پیر کو راولپنڈی میں مفت آٹے کی فراہمی کے مراکز کے معائنے کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، پنجاب کے نگران وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر، وزیراعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، مسلم لیگ( ن )کے رہنما ملک ابرار احمد، کمشنر راولپنڈی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے کہاکہ یقینا یہاں پر پنجاب کے علاوہ بھی دوسرے صوبوں کے بھائی، بہنیں جو راولپنڈی میں رزق حلال کماتے ہیں، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان سے لوگ یہاں پر ہیں، انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ پوری کوشش کررہی ہے کہ ان کو دقت نہ ہو۔انہوںنے کہاکہ دوسرا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ بے شمار لوگ ایسے ہیں جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ پر نہیں ہیں تاہم وہ بھی خطِ افلاس سے کم پر زندگی بسر کررہے ہیں، ان کو دقت پیش آ رہی ہے،

گزشتہ رات تک طے ہوا تھا کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا، پیر کی صبح نادرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اس سارے چیلنج کا حل تجویز کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پیر کی صبح انہوں نے آپریٹ کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ذرا سست تھا، مجھے امید ہے کہ یہ سسٹم پوری طرح آپریٹ ہو جائے گا، اور جو لوگ یہاں آرہے ہیں اور جنہیں کہا جارہا ہے کہ ان کے نام نہیں ہیں یا آپ کا اندراج نہیں ہے، ان کے لیے وہاں پر علیحدہ کاؤنٹرز کھولے جائیں گے، وہیں اندراج ہوگا اور ان کو فری آٹا مہیا کیا جاسکیگا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح جنہوں نے ابھی تک (آٹے کا) ایک بھی تھیلا نہیں لیا، منگل سے ان کو یکشمت تین تھیلے ملیں گے تاکہ ان کو دو بار نہ آنا پڑے۔شہباز شریف نے کہا کہ نظام میں بتدریج بہتری آرہی ہے، یقینا میں بلاخوفِ تردید یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ ہر جگہ انتظامیہ، پولیس اور سب مل کر اس نظام کو (بہتر بنا رہے ہیں)، اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اس طرح کے منصوبے کو لانچ کیا گیا، ہم ماضی میں رعایتی نرخوں پر ا?ٹا ہر دوکان پر دیتے تھے لیکن اس بار یہ طے ہوا کہ فری آٹا دیا جائے اور یہ بہت بڑا چیلنج ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس (منصوبے) کو کامیاب کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب کی پوری انتظامیہ، اسی طرح اسلام آباد کی پوری انتظامیہ، وزیر داخلہ اور ہم سب مل کر کام کررہے ہیں اور میں ہر روز دیکھ رہا ہوں کہ یہ جذبہ بہت آگے جا رہا ہے، روزے رکھ کر روزے داروں کی توقیر کا پورا لحاظ کیا گیا ہے، یہاں پر کرسیاں ہیں، کسی کو اب کھڑے ہونے کی زحمت نہیں دی جاتی، معذروں کے لیے علیحدہ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری محنت اور کوشش سے نظام میں ہردن بہتری آرہی ہے، 75 سال میں یہ پہلا ماڈل ہے، جس کو آزمایا جارہا ہے تاہم حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ ہمارا معاشی چیلنج بھی بہت بڑا ہے، پنجاب کے 10 کروڑ لوگ اس فری آٹا اسکیم سے مستفید ہو رہے ہیں، یہ بہت بڑی کوشش ہے، اس کی جتنی تحسین کی جائے اتنی کم ہے۔شہباز شریف نے کہاکہ الحمد اللہ، جذبہ جوان ہے، ہمت جوان ہے، ہم نے مل کر پاکستان کی قسمت بدلنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں