کوہاٹ(گلف آن لائن)صوبہ خیبرپختونخوا کے آٹھ تعلیمی بورڈز کے تحت صوبہ بھر میں میٹرک (نہم و دہم جماعت)کے سالانہ امتحانات28 اپریل 2023 سے بیک وقت شروع ہوں گے جو تقریباً ایک ماہ جاری رہ کر 28 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔اس ضمن میں صوبائی نگران مشیر تعلیم نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوہاٹ،پشاور، بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، سوا، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد کے چیئرمینوں کا اجلاس بھی 6 اپریل 2023 کو طلب کرلیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے زیرانتظام جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات برائے سال 2023 کے لئے تیاریاں مکمل کردی گئی ہیں اور بعض تعلیمی بورڈز نے امتحانی شیڈول بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق 28 اپریل 2023 سے صوبہ بھر میں بیک وقت سالانہ امتحانات شروع ہوں گے جو ایک ماہ جاری رہ کر 28 مئی کو ختم ہوں گے۔ ان میں تحریری امتحان کے علاوہ پریکٹیکل امتحان بھی شامل ہوں گے۔ ادھر صوبائی نگران حکومت کے مشیر تعلیم خیبرپختونخوا رحمت سلام خٹک نے میٹرک اور انٹر امتحانات 2023 کے حوالے سے صوبہ بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کا اجلاس 6 اپریل 2023 کو پشاور میں طلب کیا ہے ۔