بیجنگ (گلف آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیان نے ملاقات کی۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق چینی صدر نے نشاندہی کی کہ چین ہمیشہ سے یورپی یونین کو بین الاقوامی ڈھانچے میں ایک اہم اسٹریٹجک قوت کے طور پر سمجھتا ہے اور چین یورپ تعلقات کو خارجہ امور میں ترجیح دیتا ہے۔چین یورپ کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ معیار تک فروغ دینے کے لیے یورپی یونین کے ساتھ مل کر کوشش کرتا رہے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فریقین کو روابط کی مضبوطی سے صحیح معنوں میں باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا چاہیے اور غلط فہمی اور غلط اندازے سے گریز کرنا چاہیئے۔فریقین کو تعاون پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔چین توانائی اور افراط زر جیسے چیلنجز کے حل میں یورپ کا اہم شراکت دار ہے اور اپنی ترقی سے استفادے کے لیے یورپ کا خیرمقدم کرتا ہے۔
جناب شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور یورپ کو اختلافات کے درست ادراک سے تنازعات پر قابو پانا چاہیئے اور باہمی احترام پر عمل پیرا ہونا چاہیئے۔امید ہے کہ یورپی کمیشن چین یورپ تعلقات کی صحتمندانہ اور مستحکم ترقی میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
وان ڈیر لیان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز اور علاقائی تنازعات کے سیاسی حل میں یورپ اور چین وسیع اتفاق رائے رکھتے ہیں۔فریقین کو مل کر عالمی امن و امان کے تحفظ کے لیے خدمات سرانجام دینی چاہیئں۔یورپی کمیشن “ڈی کپلنگ “کی حمایت بالکل نہیں کرتا اور چین کے ساتھ مکالمے کے نظام کو جلد از جلد بحال کرنے کی امید کرتا ہے۔
تائیوان کے امور کے حوالے سے انہوں نے اعادہ کیا کہ یورپی یونین ایک چین کی پالیسی پر دیرینہ عرصے سے ثابت قدم رہی ہے اور اس پالیسی میں تبدیلی کا کوئی بھی ارادہ نہیں رکھتی ہے۔یورپی یونین عوامی جمہوریہ چین کو پورے چین کی نمائندگی کرنے والی واحد قانونی حکومت کے طور پر تسلیم کرتی ہے اور آبنائے تائیوان میں امن و امان کی امید رکھتی ہے۔