لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں موجود بہت سے سینئر اور سنجیدہ رہنما سپریم کورٹ کی حکم عدولی اور آئین کو کچلنے پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں ،انتخابات سے فرار اختیا ر کرنے والے ٹولے کو یہ خوف لا حق ہے کہ آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہی آنے ہے اور ان کا نیا نویلااین آر او ریورس ہو جائے گا ۔
اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اس ملک میں سب کچھ طاقت کے زور پر ہونا ہے تو پھر آئین کیوں بنایا گیا ،آئین نے اسمبلی تحلیل کرنے کی اجازت ہی اس لیے دی گئی کہ اگر حکمران جماعت کو لگے کہ وہ موجودہ مینڈیٹ سے ٹھوس فیصلے نہیں لے سکتی تو وہ نیا مینڈیٹ لے کرواپس آئے۔
انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولہ جتنی مرضی مزاحمت کر لے انہیں آئین و قانون کے سامنے سرنڈر کرنا پڑے گا جس کے بعد ان کا حقیقی احتساب شروع ہوگا ۔ اگر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو پھر وہ غیر معمولی فیصلے نا گزیر ہو چکے ہیں جو آج سے پہلے کبھی نہیں ہوئے اور ان شا اللہ تحریک انصاف حکومت میں واپس آنے کے بعد ان فیصلوں کیلئے تیار ہے جس سے قوم کی تقدیر بدلے گی ۔