اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت ٹی بی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، ملک بھر میں وزارت صحت کی جانب سے ٹی بی کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔
وزارت صحت کے حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت ٹی بی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور اس کے خاتمہ کیلئے مربوط اقدامات کو یقینی بنار ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں وزارت صحت کی جانب سے ٹی بی کا مفت علاج کیا جاتا ہے، حکومت آنے والی نسلوں کو ٹی بی سے پاک کرنے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 400000 ٹی بی کے مریض ہر سال مفت تشخیص اور علاج کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں، ٹی بی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام صوبوں میں 1603 سے زائد صحت کی سہولیات سے لیس جدید لیبارٹریز موجود ہیں،دیگر امراض کی طرح ایڈز،ملیریا اورٹی بی کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کرانے چاہئیں، ابتدائی مرحلہ میں ٹی بی کو بروقت اور آسانی سے کنٹرول کیاجاسکتا ہے ، ماضی میں ٹی بی سے لاکھوں انسان زندگی کی بازی ہارگئے لیکن اب یہ لاعلاج مرض نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے مریض کا سن کر لوگ گھبراجاتے ہیں، آئیں عہد کریں جس طرح دنیا کے دیگر ممالک نے ٹی بی کاخاتمہ کیا ہم بھی شہریوں کو آگاہی دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے خاتمے کیلئے مل کر کوشش جاری رکھیں گے، ٹی بی کے مریض پریشان نہ ہوں یہ 100فیصد قابل علاج بیماری ہے ہم مل کر ٹی بی کو شکست دیں گے۔