کامران ٹیسوری

مجھے چار گھنٹے دیں تو آٹے کی قیمت 150 سے 110 تک لے آئوں،گورنر سندھ

کراچی(گلف آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ مجھے صرف 4 گھنٹے دیں تو میں آٹے کی قیمت 150 سے 110 تک لے آئوں گا۔کامران ٹیسوری کراچی میں بفرزون بلاک 15میں عوام کیساتھ سحری کرنے پہنچے تو گورنر کو اپنے درمیان دیکھ کر لوگ خوش ہوگئے اور لوگوں نے ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کو خط لکھ کر پوچھیں گے کہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے پیسے کس کو دیے، سڑکیں کیوں نہیں بنیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ اب مجھے اس شہر اور صوبے کے کام ہوتے نظر آرہے ہیں، کراچی کو آئی ٹی سی سٹی، بنائیں گے، لوگوں کو کاروبار سکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹاون میں رضاکاروں کی ایک ٹیم جمع کررہے ہیں، رضاکار لوگوں کے مسائل کے بارے میں آگاہ کریں گے، اگر حکومت نے مسائل حل نہ کیے تو ہم کریں گے، کسی کے ساتھ کالج، یونیورسٹی اور ادارے میں زیادتی ہو تو وہ گورنر ہاوس کی گھنٹی بجائے، گھنٹی وہ بجائے گا اور گھنٹہ ہم بجائیں گے۔

گورنر نے کہا کہ ایڈوائزری کمیٹی بنارہا ہوں، کمیٹی میں علما مشائخ، ڈاکٹر،انجینئر ہوں گے جو بھی اس شہر اور صوبے کی بہتری کے لیے مشورہ دیگا اس پر کام کرینگے، ہر 15 دن بعد کھلی کچہری ہوگی، کسی بھی صنعتکار کے پلاٹ کے ٹرانسفر کا مسئلہ ہو یا کوئی اور مسئلہ ہو تو وہ گونر ہاوس میں رابطہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں