ہمایوں اختر خان

انتخابات میں ثابت کریں گے لاہور ،پنجاب اب تحریک انصاف کا قلعہ ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور الیکشن کی تیاریوں کیلئے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک کو عام انتخابات کے انعقاد کے ذریعے مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے تحریک انصاف نیک نیتی اور کھلے دل کے ساتھ حکومت سے مذاکرات کی میز پر بیٹھی ہے ، ملک کے 23کروڑ سے زائد عوام ابتر حالات سے چھٹکارے اور ملک کے بہتر مستقبل کیلئے عمران خان سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں ،

عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں کورونا جیسی عالمی وباء اور نا مساعد معاشی حالات کے باوجود ملک کو معاشی طور پر درست سمت میں چلا کر دکھایا ہے اور ان شا اللہ آئندہ بھی مایوس نہیں کریں گے ، انتخابات میں ثابت کریں گے لاہور اور پنجاب اب تحریک انصاف کا قلعہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 159سے امیدوار احمد خان نیازی ،حافظ ذیشان رشید،چوہدری عمر سندھو،علی حسن عباس اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان اس وقت ملک کے مقبول ترین اور وفاق کی علامت سمجھے جانے والے قومی لیڈر ہیں ، حکمران ٹولہ جس قدر دیوار کے ساتھ لگانے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے تحریک انصاف کی مقبولیت اتنی ہی بڑھ رہی ہے ،ان شا اللہ تحریک انصاف بھرپور اکثریت حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طر ف حکومت مذاکرات کر رہی ہے اور دوسری جانب تحریک انصاف کے خلاف مظالم کا سلسلہ بھی بلا تعطل جاری ہے جس پر شدید تشویش ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں