لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر یوم مئی پر لاکھوں کی تعداد میںعوام نے باہر نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ لاہور اب تحریک انصاف کا قلعہ ہے ،غریبوں اور مزدوروں کا خون چوسنے والے شریف خاندان نے کھلے مقام کی بجائے ماڈل ٹائون کی چھوٹی سی گرائونڈ میں سرکاری وسائل سے تقریب منعقد کی اور وہاں بھی کرسیاں خالی تھیں،پی ڈی ایم ٹولہ اب عوام کے شعور کے آگے بند نہیں باندھ سکتا۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں لاکھوں کی تعداد میں عوام مزدوروں کے حقوق ، آئین و قانون کی بالا دستی کے لئے باہر نکلے جس سے سیاسی مخالفین اور ان کے سہولت کاروں کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں ، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے پہلے ریلی کی اجازت نہ دینے کے بیانات چلائے گئے لیکن اس کے باوجود ہماری توقع سے زیادہ لوگوں نے ریلی میں شرکت کی اور جابر اور ظالم حکمرانوں کو اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور ہم آئین اور قانون کی بالا دستی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔