خرطوم (گلف آن لائن)سوڈانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ وہ اپنیمدمقابل نیم فوجی سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف)کی جنگی صلاحیتوں کو 45سے55 فی صد تک کم کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فوج نے ایک بیان میں کہا کہ آر ایس ایف نے 15 اپریل تک دارالحکومت خرطوم میں مسلح سازوسامان سے لیس بڑی تعداد میں اپنی فورسز کو متحرک کیا تھا۔
فوج کا تخمینہ ہے کہ آر ایس ایف کے دستوں میں 27،135 جنگجو، 39،490 ریکروٹ، 1،950 فوجی گاڑیاں، 104 بکتربند گاڑیاں اور مشین گنوں سے لیس 171 گاڑیاں شامل ہیں۔جنرل عبدالفتاح البرہان کے زیرکمان آرمی کا کہناتھا کہ گذشتہ 16 دنوں کی لڑائی کے دوران میں اس نے آر ایس ایف کی جنگی صلاحیتوں کو قریبا نصف کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ 15 اپریل کو سوڈان کی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان اور جنرل محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی کی سربراہی میں نیم فوجی سریع الحرکت فورسزکے درمیان جھڑپیں شروع ہوئی تھیں۔ان دو متحارب فوجی دھڑوں کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سے اب تک سوڈان میں سیکڑوں افراد ہلاک، ہزاروں زخمی اورہزاروں ہی کی تعداد افراد ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔