اسلام آباد(گلف آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی ٹانگ ایک معمہ بن چکی ہے، ان کا پلسترکبھی دائیں اور کبھی بائیں ٹانگ پر ہوتا ہے،عمران خان مختلف حیلے بہانوں سے کیسز کو طول دیتا رہتا ہے، ہم سرکاری میڈیکل بورڈ تشکیل دیتے ہیں ، معائنہ کے بعد دیکھ لیتے ہیں ٹانگ خراب ہے یا نیت۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما نے کہا کہ عمران خان ایک مفرور ملزم اور کئی عدالتوں میں مطلوب ہے ، جو عدالتوں سے مرضی کی تاریخ لینے کی کوشش کرتا ہے، ضمانت کیلئے مقرر ہونیوالی تاریخ پرملزم کا پیش ہونالازم ہوتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کے فارن فنڈنگ کا کیس 6 سال تک چلتا رہا اب وہ عدالتوں سے ریلیف لینے کا ماہرہوچکا ہے ،عمران خان مختلف حیلے بہانوں سے کیسز کو طول دیتا رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹانگ ایک مشکوک ٹانگ ہے، عمران نیازی صاحب کوکھلے عام چیلنج کرتاہوں، شوکت خانم کے لیے کسی بھی ہسپتال کے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کروائیں، ہم سرکاری میڈیکل بورڈ تشکیل دیتے ہیں ، معائنہ کے بعد دیکھ لیتے ہیں ٹانگ خراب ہے یا نیت۔