اسلام آباد(گلف آن لائن)عالمی بینک نے ہیومن کیپٹل ری ویو ریسرچ رپورٹ کا اجرا کردیا۔قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں 2کروڑ 30 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں اور پاکستان میں بڑی تعداد میں بچے غذائی قلت کا شکارہیں جب کہ پاکستان میں عورتوں کی بڑی تعداد کو ملازمت کے مواقع حاصل نہیں ہیں۔اس موقع پر وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے،
ہم نے 1999 میں انسانی وسائل کیلئے جو اقدامات کیے وہ مارشل لا حکومت میں ضائع ہوگئے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہماری حکومت نے 2013 میں انسانی وسائل کیلئے دوبارہ اقدامات شروع کیے، ہمارے دور میں ترقیاتی بجٹ 1000 ارب روپے تھا، رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کم ہوکر727 ارب روپے ہوگیا مگر ہمارا انفرااسٹرکچرغریب ترین ممالک کی طرح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط سیلاب سے قبل طے ہوئی تھیں، سیلاب کے بعد پاکستان ان میں سے کچھ شرائط پرعملدرآمد نہیں کرسکتا، آئی ایم ایف پروگرام کی عدم موجودگی سے غیریقینی صورتحال بڑھی اس کے علاوہ ملک میں توانائی کی قیمت کم کرنے اورغریب لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔