اسلام آباد(گلف آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ذہنی طور پر جیل جانے کو تیار ہیں،مہربانی کریں کوئی ڈرامہ نہ کریں اور وارنٹ لےکرآئیں، مجھ پرکوئی کیس نہیں ۔
اسلام آباد روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس وقت قوم کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں اور 50 سال سے قوم مجھے جانتی ہے، مجھے کوئی جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے، یہ میری فوج اور میرا پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے پاس وارنٹ ہے تو وہ سیدھا میرے پاس وارنٹ لے کر آئے، وارنٹ لےکر آئیں، میرے وکیل ہوں گے اور میں خود ہی جیل جانے کو تیار ہوں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہربانی کریں کوئی ڈرامہ نہ کریں اور وارنٹ لےکرآئیں، مجھ پرکوئی کیس نہیں، میں ذہنی طورپرگرفتاری کے لیے تیار ہوں، اگرمجھے جیل میں بھیجنا ہے تو جانے کو تیارہوں جب کہ ہوسکتا ہے قوم اتنی زیادہ سڑکوں پرنہ نکلے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کو سبوتاژ کیا گیا اور سی ٹی ڈی کے چارلوگوں نے اپنا بیان تبدیل کیا،پراسیکیوٹر جنرل نے انویسٹی گیٹ کیا اس نے کہا ان کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔