مراد علی شاہ

نیب ترامیم کا سب سے پہلا فائدہ عمران خان کو ہوا ہے، مراد علی شاہ

کراچی (گلف آن لائن)وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیب ترامیم کا سب سے پہلا فائدہ عمران خان کو ہوا ہے۔سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ حالات خراب کرنے کے ذمے اداروں کو قرار واقعی سزا ملے گی، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، سب کو گرفتار کریں گے۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ نیب کے خلاف اسی ایوان نے قرار داد پیش کی، جب ہم نے کہا کہ نیب ختم کرو تو کہتے تھے کہ مک مکا کر لیا، نیب میں 90 دن کا ریمانڈ ہوتا تھا اب 14 دن کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے، بڑی مشکل سے کراچی کو امن ملا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ احتجاج میں درختوں کی ٹہنیاں توڑ کر آگ لگائی جا رہی تھی، کل بھی پولیس موبائل کو آگ لگائی گئی، ہمارے پاس ثبوت ہیں، ان کو نہیں چھوڑیں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ چوہے ابھی چھپے ہوئے ہیں، بلوں سے نکلیں گے تو پکڑ لیے جائیں گے، یہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ تھا، ہمارے پاس پکے ثبوت ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہم متحدہ کو بھی دہشت گرد ڈکلیئر کرنے کے بھی حمایتی نہیں تھے، ایم کیو ایم نے ملک سے وفا داری کا ثبوت دیا اور الطاف حسین پر آرٹیکل 6 کی قرارداد پیش کی تھی۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ حلیم عادل، فردوس شمیم، خرم شیر زمان ملک سے وفاداری کا ثبوت دیں اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کریں، ایم کیو ایم نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ دہشت گرد جماعت نہیں بلکہ سیاسی جماعت ہے، آج پی ٹی آئی کو بھی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ دہشت گرد گروہ ہے یا سیاسی جماعت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں