ممبئی (گلف آن لائن) بالی ووڈ کے سٹار نوازالدین صدیقی نے بڑی بجٹ کی فلموں کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔اداکار نواز الدین صدیقی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فلم انڈسٹری کا نام سب سے زیادہ بڑی بجٹ کی فلموں نے خراب کر رکھا ہے۔نواز الدین صدیقی نے کہا کہ بڑی فلمیں کہاں چل رہی ہیں،کبھی کبھی ڈر لگتا ہے کہ ان فلموں کی وجہ سے کہیں فلم انڈسٹری ہی بند نہ ہوجائے۔
بڑے بڑے سٹارز کی کاسٹ پر مشتمل فلمیں فلاپ ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلم بڑی ہو یا چھوٹی اس میں کوئی مقصد ہونا چاہیے۔ یہ نہیں کہ بڑے بجٹ کی فلم ہے تو پیسے کے لیے کرلو بس۔ فلم میں کچھ تو ہونا چاہیے۔ سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی ایک مثال ہے۔اس فلم میں اسٹار بھی تھے اور فلم کا موضوع بھی ایسا تھا جس میں شائقین کے لیے تفریح کے ساتھ ساتھ پیغام بھی تھا۔