اسلام آباد ( گلف آن لائن)وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عدلیہ اور تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ بن چکا، فلم مزید نہیں چلے گی،اب حکومت بھی اپنا ٹریلر چلائے گی، عدل کا جھکاؤ نظر آرہا ہے، کسی کے ساتھ لاڈلا پن مزید برداشت نہیں کریں گے ،ہم اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں گے ،اب کسی کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی، عمران خان اور تحریک انتشار نے ملک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے ملک کو مفلوج کرنے کی کوشش کی، ملک کی ساکھ کو داؤ پر لگایا گیا ہے،عمران خان خود کو ریاست اور قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، عمران نیازی کی پشت پناہی کی جارہی ہے،جتھوں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔
ان خیالا ت کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماشیری رحمان نے فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ عمران نیازی اور تحریک انتشار نے ملک، ریاست اور اداروں کو نشانے پر رکھا ہوا ہے ،نو مئی سے جو ہو رہا ہے وہ قوم کے سامنے ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی اپنے آپ کو قانون اور آئین سے بالا سمجھتے ہیں ،وہ کہہ رہا ہے میں ہوں تو پاکستان ہے میں نہیں تو پاکستان نہیں ،یہ بہت غلط میسج ہے اور یہ دشمن کرتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دو سے تین دن سے ملک میں پر تشدد احتجاج جاری رہا، ملک کی املاک کو نقصان پہنچایاگیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ریاست کمزور نہیں کہ انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا اس دفعہ تو عدالت نے سہولت فراہم کی ،عدالت نے عمران نیازی کی سہولت کاری کی ہے ،ان کو تمام سہولیات فراہم کی گئیں ۔
انہوںنے کہاکہ عمران نیازی ملک کا استحکام داؤ پر لگا رہے ہیں ،عمران نیازی عدالت کے لاڈے بنے ہوئے ہیں ،ہمارے ساتھ عدالتوں کا رویہ یکسر تبدیل ہو تا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ فریال تالپور کو چاند رات کو بتربند گاڑی پر لے کر جایا گیا ،زرداری صاحب نے اپنی بیوی کی شہادت پر بھی ملک کی بات کی ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان چاہتا ہے کہ یہ نہیں تو ملک بھی نا بچے ،ہم تو ڈوبے صنم تم کو بھی ڈوبائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت صبر کیا، آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ چیف جسٹس کہتے ہیں آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی انہوںنے کہاکہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے،آئی ایم ایف بات نہیں مان رہا کیونکہ ملک میں استحکام نہیں ،استحکام کیسے آئے، حالات سب کے سامنے ہیں ،ان سے مذاکرات شروع کیے گئے انکا رویہ دیکھ لیں ان سے کیا بات کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عدلیہ اور تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ بن چکا ہے،عدلیہ میں سہولت کار بیٹھے ہیں،یہ تحریک انصاف نہیں انتشار بن چکی ہے ،حکومت کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ دو تین جو فلم ملک میں چلی ہے یہ مزید نہیں چلے گی ،ملک میں پر تشدد واقعات کیے گئے، سیاسی ورکرز یہ نہیں کرتے ،سیاسی ورکرز جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جنگل کا قانون نہیں چلنے دیں گے، سب کو برابر رکھا جائے ،کسی کے ساتھ لاڈلا پن مزید برداشت نہیں کریں گے ،ہم اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پر امن احتجاج ہمارا حق ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران نیازی سیاسی، معاشی بدحالی کا جواز بن رہے ہیں ،عمران نیازی دشمن کو تقویت پہنچا رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی بھرپور احتجاج کرے گی۔ ایک سوال پر شیری رحمن نے کہاکہ کہا گیا مذمت تو کردیں احتجاج کی تو معصوم جواب آیا کہ میں تو حراست میں تھا مجھے کچھ معلوم نہیں ،ہم گھیراؤ جلاؤ پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوںنے کہاکہ کوئی دو رائے نہیں یہ احتجاج ایک سوچا سمجھا پلان تھا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ شخص عدالت میں بیٹھ کر بھی دھمکیاں دیتا رہا ،اگر ہم جلاؤ گھیراؤ پر ایکشن نہیں لیں گے تو معاملات خراب ہوںگے ۔ انہوںنے کہاکہ 4 سال جو یہ لوگ گل کھلا کر گئے تو آئی ایم ایف بھی پریشان ہوگیا ہے،سیاسی حریف پیپلز پارٹی اور (ن )لیگ نے بھی کبھی ایسا عمل نہیں کیا ۔ انہوںنے کہاکہ عدلیہ کا ایک بہت بڑا حصہ تحریک انتشار کا حصہ بنا ہوا ہے ،آپ نے ٹریلر دیکھایا اب حکومت بھی اب ایک ٹریلر دیکھائے گی۔