ٹوئنکل کھنہ

میری پہلی ملازمت مچھلی اور جھینگوں کی ڈلیوری تھی، ٹوئنکل کھنہ

ممبئی (گلف آن لائن )بھارتی مصنفہ، کالم نگار، انٹیریئر ڈیزائنر، فلم پروڈیوسر اور سابقہ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے کہا ہے کہ ان کی پہلی ملازمت مچھلی اور جھینگوں کی ڈلیوری تھی۔ ماضی کے عہد ساز ہیرو راجیش کھنہ اور اداکارہ ڈمپل کپاڈیا کی بیٹی ٹوئنکل نے بتایا کہ وہ یہ کام جس کمپنی کے لیے کرتی تھیں وہ ان کی نانی کی بہن کی کمپنی تھی اور ٹوئنکل اس کام میں ان کی مدد کرتی تھیں۔

ٹوئنکل کا کہنا ہے کہ نانی کا نام مچھی والی مشہور تھا۔ یہ میری پہلی جاب تھی، ٹوئیک انڈیا کے پروگرام میں اداکار جونی لیور سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا جب میں کسی کو اپنی ملازمت کے بارے میں بتاتی تو وہ کہتے تو کیا مچھی والی ہے؟ ٹوئنکل نے اس موقع پر میزبان جونی لیور سے پوچھا کہ ان کی پہلی ملازمت کیا تھی تو جونی لیور نے بتایا کہ وہ سڑکوں پر پین فروخت کرتے اور اداکاروں کی نقالی کرتے تھے، پین کی فروخت سے اچھی آمدنی ہوجاتی تھی۔

ٹوئنکل نے کہا کہ میں نے تمام زندگی کام کیا، نانی کی کمپنی سے قبل میں ایک انٹیریئر ڈیکوریٹر کی اسسٹنٹ تھی، جبکہ اپنے سی اے میں داخلے کی تیاری بھی کر رکھی تھی۔ ٹوئنکل کا بالی ووڈ کیریئر 1995 میں فلم ‘برسات’ سے ہوا جس میں بوبی دیول ان کے ساتھ کام کررہے تھے۔ 2001 میں انہوں نے اداکاری چھوڑ دی اور اکشے کمار سے شادی کرلی جبکہ اسی برس وہ مصنفہ بن گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں