اسلام آباد ( گلف آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آرمی چیف کے خلاف عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی لبادہ اوڑھے دہشتگرد آئین کے ساتھ کھڑے ہونے اور سیاست میں مداخلت سے انکار پر فوج اور آرمی چیف پر حملے کر رہا ہے،امریکن جیوش لابی جس کیلئے فکر مند ہے، اس کی ایک حافظ قران، ایماندار اور پروفیشنل آرمی چیف سے تکلیف ہم سمجھ سکتے ہیں ۔
ایک بیان میں پی ڈی ایم نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے والی فوج اور اس کے سپہ سالار کے خلاف دہشت گردوں کا سہولت کار اور اس کے مسلح جتھے جنگ کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ لسبیلہ کے شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلانے والا اب فوج اور آرمی چیف کے خلاف گھٹیا مہم چلا رہا ہے ۔
انہوںنے کہاکہ تکلیف یہ ہے کہ بند کمرے اور ایوان صدر میں ایکسٹینشن کی آفر کرنے کی سہولت ختم ہو چکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آرمی چیف اور فوج پر گھٹیا اور بے بنیاد الزامات اس لئے لگائے جا رہے ہیں کیونکہ انہیں عمران نیازی اور پورے ٹبر کی کرپشن کا اچھی طرح علم ہے۔ انہوںنے کہاکہ جناح ہاؤس، ریڈیو پاکستان، شہدائ، غازیوں اور قومی یادگاروں پر حملے کرنے والا فوج اور عوام میں تقسیم پیدا کرنے کے بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔
انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کو واپس لانے والا دہشت کھل کر پاکستان کے خلاف سامنے آچکا ہے،جتنے مرضی گھٹیا پن کا مظاہرہ کرو، سلیکشن کی سہولت بند ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی کا بیان اسے دیکھ کر خوش ہونے اور جوڈیشل این آر او دینے والوں کیلئے تازیانہ اور آئینہ ہے۔