اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ امریکی ادارہ ایف ڈی اے اورڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ)معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے ،حکومت جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق وہ اشنگٹن میں امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریش (ایف ڈی اے)کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔
ملاقات میں پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی تکنیکی معاونت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع چیف ایکزیکٹیو آفیسر ڈریپ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ڈریپ جعلی ادویات کی رپورٹنگ اور مارکیٹ میں بلاک کرنے کیلئے امریکی ادارے ایف ڈی اے کی جدید تکنیکی مہارت سیفائدہ اٹھائے گا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں اور عوام کو معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے نیشنل ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔ صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔