مکوآنہ (گلف آن لائن)دھاتوں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر40فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداودشمارکے مطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں 2.96ارب ڈالرمالیت کی دھاتیں درآمد کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40فیصد کم ہیں۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دھاتوں کی درآمدات کا حجم 4.91ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اپریل میں دھاتوں کی درآمدات کا حجم 198ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 54فیصدکم ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں دھاتوں کا درآمدات کا حجم 431ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔ مارچ کے مقابلے میں اپریل میں دھاتوں کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر2فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مارچ میں دھاتوں کی درآمدات کا حجم 203ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اپریل میں کم ہوکر198ملین ڈالر ہوگیا۔واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر23فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔