باغ (گلف آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کے گروپ 20 کے ڈرامے کو بے نقاب کرنے کے لیے آزاد جموں و کشمیر آ رہے ہیں، ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ مودی کے عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،آزادی کے بیس کیمپ سے بلاول بھٹو کشمیریوں کا پیغام دنیا اور بھارت کو پہنچائیں گے ، آزاد کشمیر سے کشمیریوں کا پیغام سری نگر تک پہنچے گا ۔
قمر زمان کائرہ نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو باغ، آزاد کشمیر کے علاقوں نڑیالہ، کوپرا ، کلری اور چترا ٹوپی میں کارنر میٹنگز سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے گروپ 20 کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے دیگر ممالک بھی شرکت سے انکار کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ اپنے نانا اور والدہ کے ورثے کا بہترین استعمال کیا ہے،بدترین مخالفین بھی مانتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے دوسرے ممالک سے تعلقات بحال کیے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے موقف کو پوری دنیا میں بہترین انداز میں پیش کیا ،مسئلہ کشمیر پر بلاول بھٹو نے بھارت کو بھرپور جواب دیا ، بھارت مسئلہ کشمیر کو دنیا کے منظر نامے سے غائب کرنا چاہتا ہے، وہ دنیا کو دھوکہ دینا چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سب اچھا ہے، بلاول جب بھارت کو للکارتے ہیں تو وہاں ان کیسر کی قیمت مقرر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور کشمیری آپکا فرض ہے کہ ہر ایسے پلیٹ فارم میں شرکت کریں جہاں کشمیریوں سے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا جاتا ہو،ہم نے دنیا اور اپنی نئی نسل کو کشمیر کا مقدمہ یاد کروانا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم 23 مئی کے باغ جلسے میں سب سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں ، 23مئی کا بلاول بھٹو کا خطاب پوری دنیا تک پہنچانا ہے،تمام سیاسی جماعتیں بیشک اپنے اپنے پرچموں کے ساتھ جلسے میں شرکت کریں، یکجہتی کی ایک جامع تصویر ایل اوسی کے اس پار پہنچانی ہے، جو بھی مسئلہ کشمیر اور شمیریوں کی تحریک کی حمایت کرتا ہے وہ جلسے میں شرکت کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ماں ، بہنوں اور بیٹیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خواتین بھی جلسے میں بھرپور شرکت کریں، ہم نے عزم اور ہمت کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ لڑنا ہے، آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ کشمیر پر کونسی جماعت مضبوط انداز میں بات کرتی ہے۔
انہوںنے کہاکہ اس ملک کا نظام ہم سب نے مل کر ٹھیک کرنا ہے، ہمیں نظام درست کرنے کے لیے حکمرانی کا حق احسن کردار کے مالک افراد کو دینا ہو گا، ہمیں مذہب، مسلک ، برادری اور قبائل سے بالاتر ہو کر اچھے کردار کے افراد کو منتخب کرنا ہو گا، جب ہم فیصلے بہتر کریں گے تو ہمارے حالات تبدیل ہوں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب تک عوام باکردار شخص کو ووٹ نہیں دیں گے اس ملک کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا، پیپلز پارٹی مزدوروں اور کسانوں کی آواز ہے، وفاقی حکومت نے برترین معاشی حالات کے باوجود آزاد کشمیر کو پورا بجٹ دیا،تنخواہوں میں اضافہ ہو یا فنڈز کا اشو ہر موقع پر آزاد کشمیر کے عوام کی ہر ممکن معاونت کی ۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت بلاول بھٹو کے بھارت کے دورے کو تنقید کا نشانہ بناتی ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی اور حلقہ بندیوں میں تبدیلیاں کیں اور عمران خان نے کہا کہ میں کیا کروں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پاکستان اور افواج پاکستان پر حملہ آور ہیں ، پی ٹی آئی کے کرداد کی وجہ سے ان کے اپنے لوگ بھی پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں،عمران خان کہتے رہے کہ کرپشن کا خاتمہ کروں گا ، سب کو جیلوں میں ڈالوں گا، انہوں نے وزیراعظم ہاس اور گورنر ہاس کو یونیورسٹیاں بنانے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اخلاقیات کو تباہ کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر میں دو سال حکومت کی ، پوچھا جائے کہ کیا ترقیاتی کام کیے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ضیا ء القمر ایک احسن کردار کا مالک امیدوار ہے ، بہتر صلاحیتوں والے نوجوان آگے آئیں گے تو پاکستان اور آزاد کشمیر مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ضیا ء القمر نے طلبا تنظیم اور یوتھ کی بہترین انداز میں رہنمائی کی ہے، اس حلقے میں ضیا ء القمر سے بہترین کوئی امیدوار نہیں ، سرداد قمر زمان نے ضلع باغ کی ترقی کے لیے بھرپور خدمات سر انجام دی ہیں۔