خرطوم (گلف آن لائن)مالک عقار نے سوڈانی خود مختار کونسل کے نائب صدر کا عہدہ قبول کرنے کا اعلان کیاہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہیں کونسل کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان کی طرف سے محمد حمدان دقلو کی جگہ یہ عہدہ سونپا گیا تھا۔ مالک عقار نے زور دیا کہ وہ سوڈان میں پائیدار طریقے سے جنگ کو روکنے کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سوڈان کے استحکام کے لیے ایک متفقہ پیشہ ورانہ فوج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سوڈان میں سول اور جمہوری تبدیلی کے راستے پر کام کریں گے۔ امن کا کوئی متبادل نہیں ہے اور اس کے لیے مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔مالک عقار نے سوڈان کی تقسیم اور قبائلی تنازعات کی طرف بڑھنے کے بارے میں خبردار کیا اور کہا کہ قومی ذمہ داری اس جانب جانے سے روکتی ہے۔ سوڈانی خودمختاری کونسل کے نئے نائب صدر نے بھی سوڈانیوں کے انسانی مصائب کو دور کرنے کا عہد کیا۔