لاہور ( گلف آن لائن)فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جاری مالی سال کے پہلے9ماہ میں 9.1فیصد کمی پر تشویش کا اظہار
کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی معاشی ابتری کی نشاندہی ہے حکومتی اقدامات ، بجلی ، گیس، پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خادم حسین نے کہا کہ حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف سے مزید قرض کے حصول کے لیے برآمدی صنعتوں سے بجلی ،اور گیس پر دی جانے والی سبسڈی واپس لے لی جس سے صنعتی شعبہ پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور انہوںنے پریشان کن صورتحال میں اپنے پیداواری یونٹس بند کردیئے ہیںجس سے بے روزگار ی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ کی پیداوار میں بھی کمی ہورہی ہے جس سے حکومتی ریونیو میں ٹیکسوں کی مد میں بھی کمی کے ساتھ ساتھ برآمدات بھی کمی کا شکار ہیں اور حکومت کو فائدہ کی بجائے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
فائونڈر گروپ کے رہنما میاں محمد اشرف نے کہا کہحکومتی اقدامات ،بجلی گیس،پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے۔حکومت ملکی صنعتی ترقی کیلئے صنعتی شعبہ کی مراعات ختم کرنے کی بجائے انہیں سہولیات فراہم کرے تاکہ صنعتی شعبہ ترقی کرکے ملکی معیشت میں اپنا اہم رول ادا کرسکے۔