بیجنگ (گلف آن لائن)2023 گلوبل ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن سمٹ کا انعقاد بیجنگ میں کیا گیا ہے۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اس سمٹ کا موضوع “تعاون پر مبنی مشترکہ مفادات میں اعتماد کو مضبوط کرنا اور مشترکہ طور پر ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر” ہے۔ سمٹ میں موجود تمام فریقوں کا خیال تھا کہ خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ تعاون بڑھانے کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔
دنیا کے تمام ممالک ہم نصیب معاشرے کا حصہ ہیں۔ جتنے زیادہ خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے، اتنے ہی زیادہ ممالک کو بین الاقوامی تبادلوں اور تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام فریقوں کو میکرو پالیسی مواصلات اور رابطہ کاری کو مضبوط کرنا چاہیے، مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، حقیقی کثیرالجہتی پر عمل کرنا چاہیے، اور بنی نوع انسان کے لیے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینا چاہیے۔
چینی کونسل برائے فروغ بین الاقوامی تجارت اور 30 سے زائد ممالک اور خطوں کے کاروباری نمائندوں نے سنجیدہ تبادلوں اور بات چیت کے ذریعے ایک وسیع اتفاق رائے پر پہنچ کر “2023 گلوبل ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن سمٹ بیجنگ انیشیٹو” تشکیل دیا۔ اس انیشیٹو کے مطابق سمٹ میں تمام فریقوں نے اعتماد کو مضبوط بنانے، متحد ہوتے ہوئے تعاون کرنے اور عالمی معیشت کے استحکام اور بحالی کو فروغ دینے سمیت پانچ پہلوؤں پر اتفاق رائے کیا۔