اسلام آباد (گلف آن لائن)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ عوام نے سب کو آزما لیا، اب عوام جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر خدمت کا موقع دیں، اللہ کی مددونصرت اور قوم کی تائید سے جماعت اسلامی ہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔
میاں محمد اسلم نے کہا ملک میں وسائل کی کمی نہیں ، اصل مسئلہ کرپشن، سودی معیشت ، بیڈ گورننس ، پروٹوکول کلچر اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے ، ان مسائل کے خاتمہ کے لیے عوام کو مخلص ، اہل اور ایماندار قیادت درکار ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں ، ملک کی بڑی آبادی زندگی کی بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہے ، مڈل کلاس تقریباً ختم ہوگئی ہے ، اشرافیہ کے وارے نیارے ہیں ، اکثریت غربت کے چنگل میں پھنس کر نیست ونابود ہوگئی ہے ،دو فیصد اشرافیہ کے پاس دولت کے انبار ہیں ، اتنی دولت کہ ان کی سات پشتوں کے لیے بھی کافی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ مہنگائی ، بے روزگاری کے ہوتے ہوئے بدامنی کی لہر نے بھی عوام کو گھیر رکھا ہے ،بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہورہا ہے ، پولیس اور سیکیورٹی ادارے کرائم روکنے میں بے بس نظر آتے ہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف عوام کی آواز بن چکی ہے ، جماعت اسلامی چوکوں چوراہوں اور ایوانوں میں عوام کے حقوق کے لیے موثر آواز اٹھاتی رہے گی۔