راولپنڈی(گلف آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کاکہنا ہے کہ چیف جسٹس قوم کی آخری امید ہیں اگر سپریم کورٹ نے آئینی و قانونی فیصلے نہ کیے تو ملک میں خانہ جنگی ہوگی۔سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جناب چیف جسٹس صاحب میں پہلی بار آپ سے اپیل کررہا ہوں ، ریاست اور سیاست کو گندا کیا جارہا ہے ، میری زندگی کو ختم کرنے کیلئے 3آدمیوں کو مشغول کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں القادر ٹرسٹ کے ایجنڈے کے وقت موجود نہیں تھا، میری شہزاد اکبر سے کبھی نہیں بنی، کسی ایجنڈے میں نہیں بیٹھا، جھوٹی گواہی دینے سے میں موت کو ترجیح دوں گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ 70،80 لوگوں نے صبح میرے گھر پر دھاوا بولا چیف جسٹس صاحب میرے ملازمین کو اٹھا کر نامعلوم مقام پرمنتقل کیا جارہا ہے، میرے گھر پر حملہ کیا گیا ، میں 16بار وزیر رہا ہوں کبھی کسی کرپشن میں ملوث نہیں رہا اگر 16 وزارتوں میں ایک میں بھی کرپشن ملے تو میں پیش ہونے کو تیار ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آئین اور قانون کی حکومت نہیں ہوگی تو عام شہری کس طرح زندگی گزارے گا، بتانا چاہتا ہوں دھرتی پر ظلم اور زیادتی ہورہی ہے، جس طرح جینا مشکل بنایا جارہا ہے آپ اس کا نوٹس لیں۔
شیخ رشید کاکہنا تھا کہ لوگ آسمان کے بعد سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں ، اگر آپ نے بھی آئینی قانونی فیصلے نہ کیے تو یہ ملک قحط سالی ، مہنگائی بیروزگاری بڑھے گی ، عام آدمی خودکشی کرے گا تباہی و بربادی ہوگی اس لیے آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس کا نوٹس لیں ۔