ممبئی (گلف آن لائن)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور معروف شاعر و گیت نگار جاوید اختر کی اہلیہ شبانہ اعظمی نے کہا ہے کہ وہ اپنے سوتیلے بچوں فرحان اور زویا اختر سے جو قربت رکھتی ہیں اس کی وجہ ان بچوں کی ماں اور جاوید اختر کی پہلی بیوی ہنی ایرانی ہیں جس کیلئے ان کی مقروض ہوں۔اس حوالے سے حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے شبانہ اعظمی نے کہا کہ وہ ہنی ایرانی کی بہت مشکور ہیں جن کی وجہ سے ان کے فرحان اور زویا اختر کے ساتھ بہت گہرے اور دوستانہ روابط ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ ایسا نہ چاہتیں تو یہ بچے کبھی میرے قریب نہ آتے لیکن وہ بہت کھلے دل کی مالک ہیں۔شبانہ اعظمی نے مزید کہا کہ اس سب کے باوجود وہ کبھی بھی ان کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرتیں۔ واضح رہے کہ جاوید اختر کی ہنی ایرانی کے ساتھ 1972ء میں شادی ہوئی اور ان سے ان کے دو بچے فرحان اور زویا اختر ہیں۔بعدازاں ہنی ایرانی سے الگ ہونے کے بعد انہوں نے 1984ء میں شبانہ اعظمی سے شادی کی تھی۔