اسلام آباد(گلف آن لائن)وفاقی وزیربرائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو ملک کی”ریڈ لائین”سمجھنا بند کریں،9 مئی سے اب تک عمران خان نے پرتشدد مظاہروں اور حساس تنصیبات پر حملوں پر کئی بار موقف تبدیل کئے ہیں۔
مئی کے حوالے سے انہوں نے معذرت خواہانہ رویہ اپنایا ہوا ہے، ابھی تک 9 مئی کے بدترین حملوں کا دفاع کرنے کی کوشش کر9 رہے ہیں۔ ان کا یہ رویہ ملک کو کسی نئے سانحہ سے دوچار کرے گا۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ9 مئی کا دفاع کرنا ان حملوں میں حصہ دار ہونے کے مترادف ہے۔ عمران خان کو ان شرمناک واقعات پر ملک و قوم سے معافی مانگنی چاہئے تھی لیکن افسوس ہے وہ آج تک 9 مئی کا دفاع کر رہے ہیں۔
عمران خان 60 ارب روپے کے اوپن اینڈ شٹ کیس میں گرفتار ہوئے تھے، کسی فرضی مقدمے میں نہیں۔ انہوں نے اپنی گرفتاری کو “ریڈ لائین” کیسے قرار دے دیا؟ کیا عمران خان اس ملک اور قانون سے بالا تھے؟ عمران خان خود کو ملک کی “ریڈ لائین” سمجھنا بند کریں،قوم کی ریڈ لائین پاکستان اور قانون ہے، عمران خان نہیں۔ اب پر تشدد، انتشار اور تقسیم کی سیاست کی ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔