اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی و ٹیلی کام)سید امین الحق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان کے وڑن کے تحت حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے کی ملکی برآمدات کا حجم بڑھا کر اس شعبہ کو ”تیز ترین ڈیجیٹل حب”میں تبدیل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ہفتہ کو ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کو انفراسٹرکچر اور مالیاتی معاونت کی فراہمی کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم تکنیکی تبدیلیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں جن کے معاشرہ میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج، پاکستان خود کو دنیا کے ایک بڑے آئی ٹی حب میں تبدیل کرنے جا رہا ہے اور ملک اپنے ڈیجیٹل اکانومی کے اہداف کی طرف پوری تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے لیے تمام شعبوں میں کاروبار کرنے کے بہت سے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم دنیا کو متاثر کردیں گے کہ ہمارے پاس تخلیق کاروں اور خصوصیات کے حامل ٹیک میڈیا کے لئے عالمی نیٹ ورک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام ان تمام منصوبوں پر کام کر رہی ہے جو مستقبل میں نوجوانوں کے لیے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت آئی ٹی مہارت کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے کے لئے بھرپور کوشاں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ملک میں نوجوان آبادی کا ایک بڑا حصہ ہے اور ہم انہیں جدید ترین علوم سے آراستہ کرنے کے لئے کوشاں کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھی تعلیم یافتہ اور ہنر پر مبنی نوجوان افرادی قوت ہماری قیادت کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت اس سلسلے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بے پناہ مراعات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسٹارٹ اپ کمپنیوں اور ڈیجیٹل انڈسٹری کا علاقائی مرکز بنانے کے لیے حکومت مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ ملک کی ڈیجیٹل اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔