بلال اظہر کیانی

پاکستان کا اصل بحران انصاف کی عدم فراہمی ہے، کوآرڈینیٹروزیراعظم بلال اظہر کیانی

جہلم (گلف آن لائن)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انصاف کی عدم فراہمی کا سنگین بحران ہے۔ عوام کو انصاف کی فراہمی اور عدل کے نظام کی ساکھ، وقار اور کارکردگی کی بحالی کے لئے وکلاء برادری کو سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر کردار ادا کرنا ہوگا،1100 ارب کا وفاقی ترقیاتی پروگرام پاکستان کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کریگا، وزیراعظم شہبازشریف نے ایک سال کے دوران مشکل تاہم درست سمت میں فیصلے کئے ہیں جن کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں،ملک میں سیاسی فتنہ وفساد کے ساتھ معاشی بحران کو بھی شکست دیں گے۔

وہ ڈسٹرکٹ بار ایسویس ایشن جہلم کے صدر شیخ اکرام ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے ان کے عوامی رابطہ دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں سابق صدر جہلم بار ایسویسی ایشن راجہ توقیر احمد، ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکریٹری ارباب شاہد کیانی، جائنٹ سیکریٹری راجہ خرم نثار و دیگروکلائ شامل تھے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال اور مسلم لیگ (ن) جہلم کے راہنما اور سینئر وکیل مبارک کیانی بھی موجود تھے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بار اور بینچ فراہمی انصاف کے نظام کے دو اہم فریق ہیں، دونوں مل کر ہی عدلیہ کا ادارہ بنتے ہیں۔ ملک میں مخصوص بینچ سے عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور انصاف کا دوہرا معیار نظر آیا۔ چیف جسٹس پاکستان کو اپنے گھر کو اِن آرڈر کرنا ہوگا۔ وکلاء نے ملک میں آئین کی سربلندی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے فروغ کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء ، سیاسی کارکنان اور میڈیا نے ہمیشہ ملک میں آئین، قانون، جمہوریت اور شہری آزادیوں کے لئے آواز بلند کی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ عدلیہ کے ادارے کی نیک نامی اور ساکھ کی بحالی کے لئے مل کر کام کیاجائے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جہلم بار سمیت ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کو درپیش مسائل اور وکلاء کی فلاح وبہبود اور بہتری کے لئے وزیراعظم شہبازشریف ذاتی دلچسپی لیتے ہیں۔ وزیر قانون سینیٹر اعظم نزیر تارڑ بذات خود وکلاء برادری کی ایک قابل فخر اور عمدہ نمائندگی ہیں۔ انہوںنے ڈسٹرکٹ بار جہلم اور وکلاء برادری کو لاحق مسائل کے حل کے لئے بھرپور کردار اد ا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفد نے بلال اظہر کیانی کی این اے 60 اور جہلم میں عوامی خدمات کو سراہا۔ وفد نے گزشتہ روز شاندتاجادہ روڈ اور لنک روڈ کی تعمیر پر بھی بلال اظہر کیانی کو مبارک دی۔ دریں اثنائ اپنے عوامی رابطہ دفتر میں کھلی کچہری میں شہریوں اور سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی نے وکلائ برادری کو بتایا کہ این اے 60 سمیت پورے جہلم کی بہتری اور عوام کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ روز ہی پانچ کلو میٹر طویل جہلم شہر کی دو مرکزی شاہراہوں کا افتتاح کیا ہے۔

ان شاہراہوں کی تعمیر وبحالی عوام کی روزمرہ زندگی میں آسانیاں لائے گی۔ اسی جذبے سے للہ جہلم روڈ کا دیرینہ مطالبہ بھی جلد پورا کرنے کی طرف پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہلم میں بجلی، تعلیم، صحت سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے کوششیں جاری ہیں اور آنے والے وقت میں آپ بتدریج ان مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات دیکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں