لاہور ( گلف آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سارا ملک 9 مئی واقعہ پر لعنت بھیجتا اور شرمناک قرار دیتا ہے، خدا کے لئے بے گناہوں کو رہا اور گناہ گاروں کو سزا دی جائے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر رات کو پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس نے 40گالف سٹی میرے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس میرے گھر دوبارہ دروازے توڑ کر داخل ہوئی،
اچھی بات یہ ہے کہ کسی ملازم کو نہیں مارا توڑ پھوڑ نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، ہر روز اتوار نہیں ہوتا، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ویڈیوز اور کیمرے لے گئے ہیں، گھبرائیں نہیں میرے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارا ملک 9مئی کے واقعے پر لعنت بھیجتا ہے، شرمناک قرار دیتا ہے، ادارے پولیس میں اپنی ایجنسیوں کو بھیجیں اور تحقیقات کی جائیں کہ نامعلوموں اور نامزد لوگوں کو نکالنے کے لئے کیا وصولیاں اور کتنا پیسہ لیا جا رہا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لوٹ مار کی جا رہی ہے لوگ آگے ہی بہت تنگ ہیں،
یہ فوج ہماری ہے، یہ پاکستان کی فوج ہے، پاکستان میں کوئی شخص فوج کے خلاف بری سوچ نہیں رکھتا، خدا کے لئے بے گناہوں کو رہا کیا جائے، گناہ گاروں کو سزا دی جائے، ایک ماہ ہوگیا ہے لوگوں کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت ، مہنگائی اور بیروزگاری ہے، ان پی ڈی ایم کے لوگوں کو کسی نے ووٹ نہیں دینے، جو قاسم کے ابو کو چھوڑ گیا ہے وہ گنگا نہایا ہے، بے گناہ جیل میں پڑا رہے یہ کوئی انصاف نہیں ہے، مہربانی کر کے گناہ گاروں کو سزا اور بے گناہوں کو رہا کیا جائے۔