بیجنگ (گلف آن لائن)چینی صدر شی جن پھنگ نے جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بقشی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور جنوبی افریقہ اہم اور بڑے ترقی پذیر ممالک ہیں اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور چین-افریقہ یکجہتی اور تعاون کی رہنمائی کے لیے چین-جنوبی افریقہ تعلقات نہایت اہم ہیں –
انہوں نے کہا کہ چین – جنوبی افریقہ تعلقات نہایت اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں اور چین ،اعلیٰ سطحی چین-جنوبی افریقہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر، حقیقی کثیرالجہتی پر عمل کرنے، ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی نظام کی ترقی کو درست اور معقول سمت پر فروغ دینے کے لیے جنوبی افریقہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر شی نے کہا کہ موجودہ چیئر مین ملک کی حیثیت سے اس سال برکس تعاون کی مختلف سرگرمیوں کی کامیاب میزبانی کے لیے چین جنوبی افریقہ کی حمایت کرتا ہے ۔
جنوبی افریقی صدر نے کہا کہ ان کا ملک ، جنوبی افریقہ اور چین کے درمیان مضبوط اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے کیوں کہ اس شراکت داری اور تعاون سے افریقہ کو فائدہ ہوتا ہے۔صدر سیرل رامافوسا نے کہا کہ جنوبی افریقہ، جنوبی افریقہ- چین تعلقات کی مسلسل ترقی کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
فریقین نے یوکرین بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سیرل رامافوسا نے کہا کہ جنوبی افریقہ یوکرین بحران کے سیاسی حل کے حوالے سے چین کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ سمیت چھ افریقی ممالک کے رہنماؤں پر مشتمل ایک امن وفد ،روس اور یوکرین کا دورہ کرے گا تاکہ تنازع کے جلد خاتمے کو ممکن بنایا جاسکے۔