اسلام آباد(گلف آن لائن)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا کی عدالت میں شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ ترنول میں درج 9مئی ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی خود پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے وکیل علی بخاری سے سوال کیا کہ کل آپ کدھر تھے؟ جس پر وکیل علی بخاری نے بتایا کہ چیف کمشنر آفس میں درخواست کے معاملے پر مصروف تھا۔
جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کل چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر آپ کا کوئی وکیل پیش نہیں ہوا، میں نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، 19جون کو دیگر شریکِ ملزمان کی بھی ضمانتوں کی سماعتیں مقرر ہیں۔
وکیل علی بخاری نے کہا کہ شاہ محمود قریشی قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، کوئی مسئلہ نہیں،بعدازاں عدالت نے 10ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 19جون تک شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی۔