کراچی(گلف آن لائن) پاکستان اور روس میں تجارت کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، خام تیل کی پاکستان آمد کے بعد پاک افغان بارڈر طورخم کے راستے روس سے ایل پی جی گیس کے 10 کنٹینرز بھی پاکستان پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل روس سے خام تیل کا پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا ہے، 183 میٹر لمبے جہاز میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لایا گیا تھا۔ جبکہ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نےگفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہوجائے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا، روس سے تیل خریدنے کا معاہدہ عوام کو سستا تیل فراہم کرنا ہے، اگلے ہفتے دوسرا جہاز بھی پہنچ جائے گا۔
تیل کے بعد ابتدائی مرحلے میں روس سے ایک لاکھ دس ہزار ٹن ایل پی جی گیس درآمد کی گئی جو اس وقت پاکستان میں کنٹینرز کھڑے ہیں، یونٹس ملنے کے بعد گیس متعلقہ کمپنی کے حوالے کی جائے گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اس حوالے سے گیس درآمد کرنے والے شخص ایل پی جی گیس کنٹینرز طورخم بارڈر تک پہنچنے کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ وہ گیس سلنڈر بھرنے والے یونٹس کا انتظامات کررہے ہیں جس کے بعد گیس ان یونٹس کے حوالے کیا جائے گا۔
روس سے گیس ازبکستان کے شہر حیراتان تک ریل کے ذریعے پہنچائی جاتی ہے جس کو بعد میں ایران اور افغانستان سپلائی کیا جاتا ہے تاہم اب اس لسٹ میں پاکستان بھی شامل ہوگیا۔