لاہور ( گلف آن لائن) پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اس معیار کی نہیں جیسی یورپی ٹیموں کی ہے۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ہمیں کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے کام کرنا ہے، مڈفیلڈاور فل بیکس کو بہتر کرنا پڑے گا۔ہمارے کھلاڑیوں کی فل بیکس کی پاسنگ اچھی نہیں،کھلاڑیوں کی فٹنس اس معیار کی نہیں جیسی یورپی ٹیموں کی ہے، یورپی ٹیمیں 2، 3سیکنڈز میں گول نکال لیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کی ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کریں گے، کوشش ہو گی فل ٹیم ٹریننگ کریں ،کیمپ میں 30کھلاڑی ہوں گے تو اچھا فوکس کر سکیں گے۔واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے نئی مینجمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپیئن ایاز محمود اور منیجر سعید خان کو فارغ کرتے ہوئے نئے کوچنگ پینل کا اعلان کیا ہے۔قومی ہاکی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 12جون سے لاہور میں شروع ہو گیا جبکہ ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی 3سے 12اگست بھارت کے شہر چنئی میں کھیلی جائے گی۔